Home / Socio-political / حنا ربانی کا دورہ ہند اور میڈیا کا رویہ

حنا ربانی کا دورہ ہند اور میڈیا کا رویہ

ڈاکٹر خواجہ اکرام

ابھی دو دن قبل پاکستان کی وزیر خارجہ حنا ربانی  اعلیٰ سطحی مذکرات کے لیے ہندستان آئیں ۔ تقریباً ایک سال بعد دونوں ملکوں کے وزراء  کے مابین ہندو پاک کے درمیان اہم معاملات پر گفتگو ہونی تھی ۔ لیکن  میڈیا نے حنا ربانی کی آمد پر جس  طرح کی رپورٹنگ پیش کی وہ کسی بھی طرح ایک ذمہ دار ملک کے میڈیا کے لیے مناسب نہیں ۔ کیونکہ  حنا رابنی کی ہندستان آمد کے ساتھ ہی میڈیا نے ان کی شخصیت  کو ہی قابل توجہ سمجھا ۔ حیرت یہ ہے کہ حنا ربانی جیسی خوبصورتی خود ہندستان  میں بھی موجود ہے ،۔ مگر نجانے ان میڈیا والوں کو کیا ہوگیا کہ خاص کر الیکٹرانک میڈیا کے لوگ  حنا کی شخصیت کے دیوانے ہوگئے اور انھوں نے اس کے بجائے کہ ہند وپاک کے درمیان کیا  مسائل ہیں ؟ ان کے حل کی کیا تجاویز سمانے آنی چاہیے ؟ کون سے مسئلے ہیں جن پر سنجیدگی سے گفتگو ہونی چاہیے ؟ ان  حوالوں سے اکثر میڈیا والوں کو کوئی سرو کار نہیں رہا ، سب کے سب حنا کے بارے میں ہی گفتگو کرتے رہے ۔ کسی نے ان کے کپڑے اور پہننے کے انداز پر اسٹوری بنائی تو کسی نے ان کے فیش ایبل چشمے اور زیورات کو قابل اعتنا سمجھا،کسی نے ان کی قیمتوں کا اندازہ لگانے کی کوشش کی ،  تو کسی نے ان کے انداز گفتگو اور کسی نے ان کی عمر  اور کرشنا کی عمر کے  بارے میں بات کی ۔ ایسا لگتا تھا کہ سار امیڈیا حنا کو دیوانہ ہو گیا ہے ۔ زیادہ تر میڈیا والوں نے حنا ربانی  کھر کو ایک ویزر سے زیادہ ایک ماڈل سمجھا اور ان کے ارد گرد منڈلاتے رہے ۔بی بی سی نے ہندستانی میڈیا کے اس رویے کو دیکھتے ہوئے لکھا ہے کہ :‘‘بھارت اور پاکستان کے باہمی مذاکرات میں بھلے ہی کوئی ٹھوس پیش رفت نہ ہوئی ہو لیکن بھارتی میڈیا کو اس کا غم نہیں، اس کی توجہ پاکستان کی نئی وزیر خارجہ کی پرکشش شخصیت پر مرکوز رہی۔’’ بات صرف یہیں ختم نہیں ہوتی ۔ پرنٹ میڈیا نے بھی حنا کی شخصیت اور ان کی خوبصورتی  کو ہی ذہن میں رکھ کر سرخیاں قائم کیں ۔اور ٹی وی چینلوں پر بھی بحث و مباحثے ہوئے تو اس کاآغاز حنا ربانی کی خوبصورت اداوں سے ہی ہوا۔

میڈیا کے اس رویے پر حیرت ہے کہ میڈیا  کو کیا ہوگیا ہے ؟ کیا انھیں اپنی ذمہ داری کا احساس نہیں ہے ؟ کیا انھوں نے آج تک کسی  خوبصورت وزیر کو  نہیں دیکھا ، یہی وہ میڈیا ہے جو عورتوں کے ساتھ تعصب کی باتیں کرتے ہوئے تمام اخلاقی اور تہذیبی اصولوں اور رواداریوں کو ایک سانس میں پیش کرتے ہیں ۔ لیکن انھیں یہ خیال نہیں آیا  کہ ایک وزیر کو اس عینک سے دیکھنا بھی عورتوں کی ہتک ہے ۔اور کیا انھوں نے خود ہندستان میں موجود نوجوان مرد وزیروں کے بارے میں بھی ایسی ہی باتیں کی ہیں ؟ نجانے حنا کی شخصیت کو انھوں نے صرف عورت کی خوبصورتی کے زمرے میں کیوں رکھا ؟ میڈیا کے اس رویے کی کچھ لوگوں نے ٹی وی چینلوں پر  احتجاج بھی کیا ۔ لیکن ایسے لوگوں کی تعداد کم تھی ۔ میں بھی اپنی اس تحریر کے ذریعے اس کی سخت مذمت کرتا ہوں۔

About admin

Check Also

یہ دن دورنہیں

امریکہ نے پاکستان کی سرزمین پر پہلاڈرون حملہ ۱۸جون ۲۰۰۴ء کوکیا۔ یہ حملے قصر سفیدکے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *