Home / Book Review / اکیسویں صدی میں تصوف

اکیسویں صدی میں تصوف

نام کتاب:    اکیسویں صدی میں تصوف  

عالمی بحران کے حل کی تلاش                  

ترتیب و ایڈیٹنگ:   خوشتر نورانی

زیر اہتمام:آل انڈیا علما و مشائخ بورڈ نئی دہلی

مبصر :  امتیاز انجم ۔  ریسرچ اسکالر جے این یو نئی دہلی

اکیسویں صدی نے جہاں اپنے دامن میںآسمان کی بلندیوں کو قیداور زمین کے دفینوںکو دریافت کر لیا ہے، چاند و سورج اور فضائوں کو مسخر کر لیا ہے، وہیں سیاسی ا ور سماجی اعتبار سے نفرت و بغاوت، قتل و غارت،دہشت و وحشت اور ظلم وبربریت کو بڑھاوا دیا ہے۔دنیاکی برق رفتا ری نے انسانی رشتوں کوپا مال کر کے مادیت پسندبنا دیا ہے۔ بجلی کی چمک نے دل کے نہا خانوں کو مزید تیرہ و تاریک کر دیا ہے۔ ایسے ماحول میں تصوف کی ضرورت و اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے اور صوفیا پر یہ ذمہ داری عائد ہو تی ہے کہ وہ اس بحران سے نجات دلا کر دنیا کو امن و سکون کا گہوارہ بنائیں۔اسی سلسلتہ الذہب کی انمول کڑی زیر تبصرہ کتاب ہے۔

’’اکیسویں صدی میں تصوف :عالمی بحران کے حل کی تلاش ‘‘تصوف کے حوالے سے ایک دستاویزی حیثیت کی حامل کتاب ہے۔جس میں ملک اور بیرون ملک کے علما ،صوفیا،دانشور اور مفکرین کے سات درجن مقالات شامل ہیں۔اس کتاب میں تصوف کے تمام مسائل و مباحث کو اکیسویں صدی کے تناظر میں بیان کرنے کی کو شش کی گئی ہے ۔ا س کے مشمولات گیارہ حصوں میں منقسم ہیں۔جن میںسے ہر ایک کا اجمالی تعارف درج ذیل ہے۔

آغاز باب سے پہلے ’’حرف شرف ‘‘کے عنوان سے سید محمد اشرف کچھوچھوی }بانی وصدا ٓل اندڈیا علماو مشائخ بورڈ { اس کتاب کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے رقم طراز ہیں:

’’میں یہ بات یقین کے ساتھ کہہ سکتا ہو ں کہ اپنے موضوع پر یہ پہلی دستاویزی پیش کش ہے۔یہ نہ صرف ایک سیمینار میں پڑھے گئے مقالات کا مجموعہ ہے بلکہ موجودہ عالمی بحران کے حل کا متصوفانہ منشور بھی ہے۔ایسا منشور،جس کی روشنی میںعالم اسلام کے اخلاقی ،سیاسی و سماجی اور تعلیمی و تمدنی بحران کا عمیق تجزیہ اور اسلام کے مستقبل کا لائحہ عمل تیا ر کیا جا سکتا ہے۔‘‘

اس سیمینا ر کے روح رواںاور سرخیل کارواں خوشتر نورانی نے ’’اظہاریہ ‘‘کے ذیل میںصوفیہ کی تعریف پیش کرتے ہوئے انہیں اخوان الرسول کا نام دیا ،جو اخلاق محمدی اور بصیرت پیغمبری  کے حامل ،صحیح معنوں میںدین حق کے عامل اور اس کے مبلغ ہیں۔ساتھ ہی ہندوستان کے مشہور سلاسل کا تذکرہ کرتے ہوئے سید محمد اشرف کچھوچھوی کی خدمات اور آل انڈیا علما و مشائخ بورڈ کے اغراض و مقا صدکو واضح کیا۔ یہ کتاب خوشتر نورانی اور ان کے رفقا کی کاوشوں کا ثمرہ ہے۔

1۔نور تصوف  }تصوف اہمیت ،معنویت اور ضرورت {

اس باب میں پروفیسر مسعود انور علوی،پروفیسر وہاج الدین علوی ،پروفیسر سید سجاد حسین،پروفیسر قمرالہدی فریدی،ڈاکٹر واحد نظیر ،ڈاکٹر سید وحید اشرف اور پروفیسر شاہ حسین احمد کے وقیع مقالات شامل ہیں۔جن میں موجودہ دور میں تصوف، خانقاہوں کی ضرورت اورتعلیمات صوفیہ کی اہمیت پر سیر حاصل گفتگو کی گئی ہے اور تصوف کی حقیقت کو آشکار ا کیا ہے۔’’تصوف :دینی حقیقت اور سماجی ضرورت‘‘میں پروفیسر شاہ حسین رقم طراز ہیں:’’صوفیہ ہمیشہ انسانی برادری کی وحدت کے قائل رہے ہیں اسی لیے ان بزرگوں کی تعلیمات میں صرف مسلمانوں سے نہیں بلکہ غیر مسلموں سے بہتر تعلقات کا درس ملتا ہے۔‘‘لیکن صد حیف کہ مادیت پرستی نے غیرسے تو در کناراپنوں سے بھی بیگانہ کر دیا۔

2۔اسبا ب تشدد } شدت پسندی اور دہشت گردی:تاریخ ،احوال اور اسباب{

ٍموجودہ دور میں دہشت گردتنظیمیں اور شدت پسند عناصر عالم رنگ و بو کو اجاڑنے اور چین و سکون غارت کرنے کی تگ وتاز میںہمہ تن مصروف ہیں۔عدم تحفظ کا احساس انسانی رگ و پے میں جاگزیں ہے۔ دہشت گردی آج عالمی مسئلہ بن چکا ہے اور پوری دنیا اس سے نبرد آزما ہے ۔اس باب میں ان ہی اسباب و علل پر روشنی ڈالی گئی ہے۔اس کے ذیل میںڈاکٹر علیم اشرف جائسی،پروفیسرسید طلحہ رضوی برق،احمد جاوید،پروفیسر فاروق احمد صدیقی،مولانا فروغ اعظمی ،مولانا ضیاء الرحمن علیمی،مولانا اطہر اشرف جائسی،غلام رسول دہلوی اور مولانامحمود غازی ازہری کے فکر انگیز مقالات ہیںجن میں دہشت گردی کی فکری ،سیاسی ،سماجی اور اقتصادی بنیادیںتلاش کرنے کی کوشش کی گئی ہیں۔ ڈاکٹر علیم اشرف جائسی نے اسلام کے حوالے سے دہشت گردی کا جائزہ لیا ہے اور اسے دو خانوں میں تقسیم کیا ہے۔اول مکانی محور جس کا مرکزخطہ نجد ہے۔ دوم فکری محور جس کی نمائندگی خارجی ،باطنی اور وہابی کر رہے ہیں۔پروفیسر طلحہ رضوی برق نے دہشت گردی کی عالمی صور ت حال کا تجزیہ کرتے ہوئے دہشت گردی کے اسباب و علل پر بے لاگ تبصرہ کیا ہے۔

احمد جاوید نے تصوف اور تعلیمات صوفیہ کی روشنی میں دہشت گردی کے عالمی بحران کا تفصیلی جائزہ لیتے ہو ئے اس نازک ترین دور کا نقشہ یوں کھینچا ہے:

’’آج دنیا ہمیشہ سے زیادہ بے چین،بے امن اور بے سکون ہے۔مشرق بعید کی کسی دور افتادہ بستی میں ایک غریب کی جھونپڑی سے امریکا کے وہائٹ ہائوس تک آج کون ہے جس کو عدم تحفظ کا احساس چین کی نیند سونے دیتا ہے؟‘‘

3۔علاج تشدد }شدت پسندی اور دہشت گردی کا علاج اور حل:صوفی تناظر میں{

مذکورہ باب کے تحت مفتی ضیاء الدین نقش بندی،ڈاکٹر شجاع الدین فاروقی،مولانا حسن سعید صفوی،مولانا محمد علی قاضی مصباحی،مفتی مطیع الرحمن اشرفی،مو لانا شہباز عالم مصباحی ،مولانا محمد اکرم رضا اور زہرہ فاطمہ کے مقالا ت شامل اشاعت ہیں۔جن میں تعلیمات صوفیہ کی روشنی میںانسداد دہشت گردی کا نظریہ پیش کیا گیا ہے ۔چوں کہ تصوف اور دہشت گردی پانی اور آگ کی طرح ہے اس لیے یہ دونوںکبھی یکجا نہیں ہو سکتے۔اگر دہشت گردی کے آتش کدہ کو گلزار بنانا ہے تو آب تصوف کو کام میں لانا ہوگا ۔

مفتی ضیاء الدین نقش بندی کا مقالہ ’’تصوف اور انسداد دہشت گردی‘‘تاریخی اور تحقیقی نوعیت کاہے۔اس میں انہوں نے دہشت گردی سے انسانی زندگی پر مرتب ہونے والے اثرات کا بخوبی جائزہ پیش کیاہے،جہاد اور دہشت کے مابین فرق کو واضح کیا ہے اور انسداد دہشت گردی کاواحد حل تصوف کو قرار دیا ہے۔

4۔بحث و نظر}تصوف اور صوفیہ:مسائل و مباحث{

اس باب میں صوفیہ اور مسائل تصوف پر بحث کی گئی ہے۔اس کے ذیل میں مفتی مطیع الرحمن مضطر رضوی،پروفیسر عبدالحمید اکبر،مولانا منظرالاسلام ازہری،ڈاکٹر سجاد عالم مصباحی اور پروفیسر مناظر عاشق ہرگانوی ،ڈاکٹر آصف ملک،آصف اعظمی،مولانا امام الدین سعیدی،نورین علی حق اور مولانا آفتاب مصباحی کے مقالات شامل ہیں۔

یہ بات کسی پر مخفی نہیں کہ تصوف اور اہل تصوف کو جا بجا لعن طعن کیا گیا ،سب و شتم کا نشانہ بنا یا گیا اوربڑے بڑے مشائخ کو مسئلہ تکفیر کا سامنا کرنا پڑا۔ واقعہ یہ ہے کہ عالم وجد میں صوفیہ کی زبان سے کچھ ایسے کلمات نکلے جو بہ ظاہر علما کے نزدیک قابل گرفت ہوتے جن کی وجہ سے فو را ان پر فتوے صادر کیے گئے۔حالا ں کہ:

جو وجد کے عالم میں نکلے لب مومن سے

وہ بات حقیقت میں تقدیر الہی ہے

یہ بات ہر کس و ناکس کی سمجھ سے بالا تر ہے۔چناںچہ اس باب میں اسی پہلو کو زیر بحث لایا گیا ہے۔

’’شطحات صوفیہ کی تفہیم اور تکفیر مشائخ کا جائزہ‘‘میں مفتی مطیع الرحمن مضطر نے عالم بے خودی میں صوفیا کی زبان سے نکلے ہوئے الفاظ کی تفہیم و تاویل پیش کی ہے اور تکفیر مشائخ سے باز رہنے کی تلقین بھی ۔

پروفیسر عبدالحمید اکبر نے ’’رہبانیت اور تصوف میں تصور ترک دنیا ‘‘کی وضاحت کی اوراس کے تعلق سے پھیلی غلط فہمی کا ازالہ کیاہے۔اور بطور دلیل خواجہ نظام الدین اولیا کا قول نقل کیا:

’’ترک دنیا کے یہ معنی نہیںکہ کوئی اپنے کو بر ہنہ کردے مثلا لنگوٹ باند کر بیٹھ جائے بلکہ ترک دنیا یہ ہے کہ لباس پہنے ،کھانا کھائے اور جو میسر آئے اس کو استعمال کرے،لیکن اس کے جمع کرنے کی طرف متوجہ نہ ہو او ر اپنے دل کو کسی چیز میں پھنسائے نہیںیہی در اصل ترک دنیا ہے‘‘۔

مولانا منظرالاسلام ازہری نے’’امریکا میںتصوف کا تاریخی تسلسل‘‘سپرد قرطاس کیا ہے اور تاریخی حوالوں سے امریکا میں تصوف اور صوفیا کی روایت و اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔ان کے مطابق انیسویں صدی کے آغازسے ہی امریکا میں روحانیت اور تصوف کی روایت ملتی ہے اورتا ہنوز یہ سلسلہ جاری ہے ۔بلکہ متعدد یونیورسٹیز میںتصوف بطور سبجیکٹ پڑھایا جاتا ہے اور ریسرچ کا مو ضوع بھی بنا یا جاتاہے۔

5۔ بقائے باہم }قومی ہم آہنگی اور گنگا جمنی تہذیب کی تشکیل و تعمیر میںصوفیہ کا کردار{

اس باب میں پروفیسر اخترالواسع ،پروفیسر صاحب علی،ڈاکٹر شجاع الدین قادری،ڈاکٹر سید سراج اجملی،ڈاکٹر نوشاد عالم چشتی،ڈاکٹر ظفر انصاری ظفر ،ارشاد عالم نعمانی اور مولانا ساجد رضا مصباحی کے مقالات شامل ہیں۔

یہ بات اظہرمن الشمس ہے کہ ہندوستان میں گنگا جمنی تہذیب کی داغ بیل صوفیہ نے ڈالی ہے۔ پروفیسر اخترالواسع کے مطابق پانچویں صدی ہجری سے ہی ہندوستان میں تصوف کے برگ و بار نظر آنے لگتے ہیں اور سب سے پہلے داتا گنج بخش ہجویری اس کی آبیاری کرتے ہیں ۔صوفیہ کی آمد نے ہندوستان میںباقاعدہ خانقاہی نظام کی بنیاد ڈالی ،جن کی بارگاہ میں بلا تفریق مذہب و ملت اور مشرب و مسلک ہر کس و ناکس حاضری دیتا اور کسب فیض کرتا ۔انہوں نے انسان دوستی اور بقائے باہم کا پیغام دیاجس سے گنگا جمنی تہذیب کی داغ بیل پڑی۔اس سے اندازہ ہو تا ہے کہ ہندوستان میں بہ یک وقت دو نظام رائج تھے ایک سیاسی اور حکومتی،جس کی باگ ڈور بادشاہ ،امراو نوابین اور راجائوں کے ہاتھ میں تھی ۔دوسرا مذہبی اور صوفیانہ، جس کی قیادت علما صوفیہ اور سادھو سنت کر رہے تھے۔سیاسی نظام سے ضروریات زندگی پو ری ہو تی تھی اور صوفیانہ نظام سے روحانی غذافراہم ہو تی تھی۔یہ باب اسی شاندار ماضی کی بازیافت ہے۔

6۔تحمل و روا داری} تحمل و رواداری کے فروغ میں تصوف اور صوفیہ کا رول{

یہ حصہ شاہ عمار احمد نیر میاں،پروفیسر شہپر رسول ،شاہ ہلال احمد قادری،ڈاکٹر عبدالسلام جیلانی،ڈاکٹر مشتاق صدف اور مولانا یعقو ب علی خاںکے مقالے پر مشتمل ہے۔

آج جب کہ ہر طرف عدم رواداری کا دور دورہ ہے۔تحمل و بردباری اور قوت برداشت کا یکسر خاتمہ ہو چکاہے۔ایسے نازک ماحول میں تصوف ہی امن عامہ کاضامن ہو سکتا ہے۔چوںکہ تصوف کی بنیاد صرف اور صرف عشق و محبت ،رواداری اورقوت تحمل پر استوار ہے اس لیے تعلیمات تصوف کے بغیر’سب کا ساتھ سب کا وکاس ‘صدا بہ صحراہے اور اس کا نفاذناممکن ۔پروفیسر شہپر رسول کے الفاظ میں’’آج کے انسانی معاشرے کوجس انتشار کا سامنا ہے،وہ انتہائی اندوہ ناک اور ظلمت آفریں ہے۔ایسے میں اہل تصوف کے اپنائے ہوئے راستے پر چلنے ،ان کی تعلیمات کو عام کرنے اور اپنی اصل کو پہچاننے کی سخت ضرورت ہے‘‘۔

7۔ تعمیر ثقافت } تصوف :معاشرہ ،تہذیب اور ثقافت کا معمار{

اس باب میں تصوف کو معمار تہذیب و ثقافت قرار دیا گیا ہے۔پروفیسر عتیق اللہ نے موجودہ سیاسی و تہذیبی تناظر میں علم تصوف کا جائزہ لیا ہے۔علوم وفنون کے اس عہد میںجتنی وحشیانہ حرکتیں ظہور پذیرہیں،انسان ریلیشن شپ کے نام پر جس گھنائونی حرکت کا مرتکب ہے، وہ ناقابل یقین وبیان ہے۔پروفیسر عتیق اللہ کے مطابق ’’بشریت کش اقدار اگر اسی طرح انسانی حرمت کو پامال کرتی رہیںگی تو وہ دن دور نہیںجب یہ دنیا ایک خوفناک خرابے میںبدل جائے۔صوفیہ کی تعلیمات اور ان کے طرز حیات ہی میںمجھے ایک فلاح کی راہ اور عافیت کی سبیل نظر آتی ہے‘‘۔

پروفیسر اقتدار محمدخان کا مقالہ’’جدید علوم کی اشاعت میں خانقاہوں کا حصہ‘‘خانقاہوں سے عصری علوم کی وابستگی پر تفصیلی روشنی ڈالی ہے ۔صابر رضا رہبر مصباحی نے ’’معاصر غذائی بحران اور خانقاہی روایات ‘‘کے حوالے سے قلت غذاکو عالمی اور اسلامی تناظر میں زیر بحث لایا ہے ۔مفتی آفتاب رشک مصباحی نے ’مسئلہ سماع کا علمی اور سماجی اعتبار سے مطالعہ پیش کیا ہے۔ان کے علاوہ مولانا فہیم احمد ثقلینی ازہری،مولانا منظر محسن،مولانا ابرار رضا مصباحی،مولاناغلام عبدالقادر حبیبی اور مولانا ظفرالدین برکاتی کے مقالات بھی اہم ہیں۔

8۔تعمیر اخلاق} تصوف اور تعمیر اخلاق و کردار {

یہ باب پروفیسر علیم اشرف خان ،مولانا سید رکن الدین اصدق ،مولانا محمد عارف اللہ فیضی ،مولانا سید سیف الدین اصدق اور طالب اکرام محمد کے مقا لات پر مشتمل ہے۔اس باب کے تمام مضامین تعمیر اخلاق پر مبنی ہیں۔کیوں کہ صوفیہ پوری زندگی خود بھی اخلاق حسنہ پر عمل پیرا رہے اور دیگر لوگوں کو بھی اس پر گامزن ہونے کی تلقین کرتے رہے۔

9۔تجدید و احیا} احیائے تصوف :تجاویز و تدابیر{

انسانی معاشرہ جس قدر نا ہموار اور عدم توازن کا شکار ہو گا تصوف کی ضرورت واہمیت اور بڑھتی جائے گی۔ تاہم ضرورت اس بات کی ہے کہ اس علم کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچا یا جائے۔اس باب میں ان ہی ذرائع ترسیل و ابلاغ پر روشنی ڈالی گئی ہے ۔

 پروفیسر خواجہ اکرام نے تعلیمات تصوف کو عصری دانش گاہوں میں عام کرنے پر زور دیا ۔ چوںکہ عصری دانش گاہیں ملک کی سماجی ،سیاسی ،معاشی اور ثقافتی زندگی کو متاثر کرتی ہیں اور مستقبل کے لیے لائحہ عمل تیار کرتی ہیں۔لہذا انہیں کم از کم تصوف سے آشنا ضرور ہو نا چاہیے ۔تاکہ ایک بہتر سماج کی تشکیل ہو سکے۔ چناںچہ وہ اپنے مقالہ ’’یونیور سیٹیز میںتصوف کی تعلیم و تدریس :ایک جائزہ‘‘میں تصوف کو بطور مضمون شامل کرنے کی وجہ بتاتے ہو ئے رقم طراز ہیں:

’’۔ہندوستان کی تعمیر و تشکیل میںصوفیہ کا اہم کردار رہا ہے ۔ہندوستان کی تاریخ لکھنے والے مورخوں نے اور ماہر سماجیات نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ قدیم ہندوستان میں سماجی روابط بحال کرنے،لوگو ں کے اند ر جذبہ اخلاص و ہم دردی پیدا کرنے اور ایک دوسرے کے نہ صرف کام آنے،بلکہ ساتھ رہتے ہوئے بھائی چارہ کو بڑھاوا دینے کی تعلیم صوفیہ ہی کے ذریعہ رائج ہوئی،بلکہ عملی طور پر نافذ کرنے میں بھی صوفیہ ہی پیش پیش رہے۔۔۔۔۔صوفیہ کے ان کٹیوں سے جو پیغام ہندوستان کی سرزمین میں پہنچا وہ ایک ایسا پیغام تھا جس نے ایک انقلاب پیدا کیا ۔‘‘

ان کے علاوہ ذیشان مصباحی،پروفیسر عبد الستار ،مفتی انفاس الحسن چشتی،ڈاکٹر افضل مصباحی، ڈاکٹر اخلاق احمد آہن ،مولانا محمد انوار احمد قادری،مولانا ملک الظفر سہسرامی،مولانا مقبول احمد مصباحی،مولانا صادق رضا مصباحی،مولانا مجیب الرحمن علیمی اور مولانا جاوید عنبر مصباحی کے مقالات سے احیائے تصوف کی نئی راہیںواکرتی ہیںاور مختلف تجاویزو تدابیر سامنے لاتی ہیں۔

10۔اتحاد امت } تصوف :اتحاد امت اور تعمیر ملت کا عنوان جلی{

اتحاد ملت بیضا یقینا نوائے وقت ہے۔اگر آج اسے یکسر نظر انداز کر دیا گیاتوآنے والاکل بہت ہی پر خطر ہو گا ۔مذکورہ باب میں ان ہی مسائل پر خامہ فرسائی کی گئی ہے۔پروفیسر سید حسین الحق نے ’’ملی مسائل کا حل صوفی نقطئہ نظر سے ‘‘پیش کیا اور تعمیر ملت کا واحد ذریعہ اتحاد امت کو قرار دیا اور اس کے لیے صوفیانہ طرز زندگی کو اپنا نے کا درس دیا ۔چناںچہ حسین الحق لکھتے ہیں:

’’مذہبی شدت پسندی نے عوامی سطح پر ،صحافتی سطح پر اور زبان کی سطح پر بہت سفاک اندازمیں ’’کارہائے نمایا ں ‘‘انجام دیے ہیںاور جلد ہی ’’دہشت پسندی و شدت پسندی‘‘کے ان ’’کامیاب مظاہروں‘‘کا سد باب نہیں کیا گیا تو خطرہ ہے کہ ہندوستان کی عوامی زندگی ایک ایسے خلفشار سے دو چار ہو جا ئے گی،جس میں سب سے زیادہ نقصان مسلمانوں کا ہو گا‘‘۔ان کے علاو ہ مولانا غلام مصطفی ازہری ،،مولانا ناصر رام پوری اور مولانامحمد رضوان قادری کے مقالات اتحاد امت اور تعمیر ملت کے مختلف جہات و نکا ت پر روشنی ڈالتے ہیں۔

11۔تصوف اور ادب }تصوف اور فروغ زبان و ادب {

 اردو زبان و ادب کی نشو ونما اور فروغ میں صوفیہ کی خدمات سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہیں۔ چناںچہ یہ کہنا بے جا نہ ہو گا کہ اردو زبان کوعہد طفلی میں اگر صوفیہ کا سہارا نہ ملا ہوتا تو شاید ا س کی ترقی میں پچاس سال کی تاخیر ہو جاتی۔یہ اور بات ہے کہ صوفیہ کا مشن زبان و ادب کا فروغ نہیں تھا بلکہ دعوت و تبلیغ تھا۔ تاہم جس زبان کو انہوں نے وسیلہ اظہار بنایا اس نے بھی بے انتہا فیض پایا۔

اردو زبان و ادب کو سیاسی اور معاشی سطح پر جتنا مشق ستم بنا یا گیا ،اس کی جگہ کوئی اور زبان ہو تی تو شاید دم توڑ دیتی۔لیکن اردو ہے کہ اس کا دائرہ بڑھتا ہی جا رہا ہے۔میرے خیال میں اس کی واحد وجہ یہی ہے کہ اس کے خمیر میں صوفیہ کا پیار ،ان کا حسن اخلاق اور ان کی ریاضت شامل ہے ، جس سے اردو زبان کو توانائی ملتی رہتی ہے۔

اس باب میں ڈاکٹر صفدر امام قادری،ڈاکٹر محمد کاظم ،ڈاکٹر علیم صبا نویدی،ڈاکٹر عمیر منظر اور سید تالیف حیدر نے صوفیہ کی ادبی و لسانی خدمات کا جائزہ پیش کیا ہے۔ڈاکٹر صفدر امام قادری ’’صوفیہ اور بھکتی تحریک کے ادبی اثرات :ایک کثیر لسانی مطالعہ‘‘میں لکھتے ہیں: ’’جنوب ایشیائی سماج کی لسانی اور مذہبی تکثیریت کی بنیادوں میںصوفی اور بھکت شعراکا لہو سمایا ہو ا ہے۔اس تکثیریت کا محققانہ جائزہ وقت کی ایک اہم ضرورت ہے‘‘۔

  دستاویزی حیثیت کی حامل اس کتاب کے جملہ مقالات سادگی زبان ،حسن بیان اور شیرینی و لطافت سے پر ہیں۔نیز اتنی بوقلمونی شاید ہی کہیں یکجا دیکھنے کو ملتی ہیں۔غرض کہ یہ کتاب ایک خوب صورت ملک اور سماج کی تشکیل کا حسین خواب اپنی آنکھوں میں سجائی ہوئی ہے ۔ضرورت اس بات کی ہے کہ اسے پڑھنے کے ساتھ ساتھ اپنی زندگی کا نصب العین بنایا جائے تاکہ یہ خواب شرمندئہ تعبیر ہو سکے۔

About admin

Check Also

دینی مدارس پر ایک معروضی نظر

                              …

2 comments

  1. یہ کتاب پی ڈی ایف میں مل سکتی ہے۔؟
    پی ایچ ڈی سکالر محی الدین اسلامک یونیورسٹی نیریاں

  2. Dr Yasir Hussain Satti

    i need this book. plz watsup to me at +923005442212

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *