Home / Socio-political / نجات حاصل کرناہوگی

نجات حاصل کرناہوگی

نجات حاصل کرناہوگی

سمیع اللہ ملک

وطن عزیزمیں پند و نصائح کی مجالس میں اگر موجودہ حالات کے تناظر میں آئینہ دکھانے کی جسارت محض اس خوش گمانی کی نیت سے بھی کی جائے کہ چہرہ کے بگاڑ کو ذرا بنا سنوار لیں تو ہر طرف سے اس آئینے کے ساتھ ساتھ آپ پر بھی پتھروں کی بارش شروع ہو جاتی ہے۔بے شمار بودے دلائل کا سہارا لیکر نیچا دکھانے کی کوشش کی جاتی ہے اور بالآخر تان اس پر ٹوٹتی ہے کہ غیروں کے خورشید کا سہارا لیکر ہماری ظلمتوں کا مذاق مت اڑائیں۔لیکن جو بات صحیح ہے اس کو غلط کیسے کہوں؟گمراہوں کیلئے راستے کی کیا قید!جب اپنی گمراہی کوہی سیدھا رستہ سمجھ لیا جائے تو سمجھانا بیکار ۔مجھے اپنی تمام تر خامیوں کا اعتراف ہے اور میں اس کا برملا اعتراف بھی کرتا رہتا ہوںلیکن کیا سچ اور حق بات کہنے اور لکھنے سے بھی منہ موڑ لوں؟مجھے  اپنے بارے میںایسا کوئی عارضہ بھی لاحق نہیںکہ آپ میری تحریروں کو پڑھ کر میرے بارے میں یہ گمان کریں کہ مجھے کسی داد و تحسین کی خواہش ہے لیکن دل میں یہ آرزو ہر وقت تڑپائے رکھتی ہے کہ وطن عزیز کی قسمت بدل جائے۔

ان گنت تعداد میں ٹیلیفون، ای میلز اور خطوط کا تانتا اس بات کی ہمت دلاتا رہتا ہے کہ یہ مشن جاری و ساری رہنابہت ضروری ہے۔میں یہ تمام خطوط اور ای میلزپڑھنے کی بھی پوری کوشش کرتا ہوں اور کچھ کے جوابات بھی دیتا ہوں۔لیکن کچھ مراسلے ایسے ہوتے ہیں کہ ان کو بار بار پڑھنے کے باوجود ان کا جواب دینے سے قاصر رہتا ہوں۔لیکن شاید آپ کے پاس اس کا کوئی جواب ہو!دن اور رات عجیب و غریب واہموں میں کٹ رہے ہیں۔

’’بہت سمجھایا آپ کو،بے شمار دلائل بھی سامنے رکھے لیکن آپ کسی کی سنتے اور مانتے کب ہیں!شاید ہماری آواز میں اتنا زرو نہیںکہ جس میں آپ کی آواز دب کر رہ جائے کہ نہ چاہتے ہوئے بھی آپ کو ہماری صدا سننی پڑے،نہ ہمارے قلم کی وہ رفتار اور برق بازی جو آپ کے ارادوں کا منہ موڑ سکے اور آپ کے ضمیری طوفان کو روک سکے۔

 جانتے ہیں کیوں روکنا چاہتا ہوں آپ کو؟آپ کی آواز کو؟آپ کے الفاظ کی آتش سے بچنے کیلئے۔بارہا چاہا کہ آپ کی چیخوں سے بے بہر ہ رہوں مگر کیسے؟کچھ دنوں کیلئے آپ کے مضامین پڑھنے پر خودساختہ پابندی لگائی لیکن اس ارادہ پر بھی قابو نہ رکھ سکا کہ بازگشت سے اب پیچھا چھڑانا مشکل ہو گیا ہے۔

خود تو آپ مضطرب بھی ہیں ،طوفان بھی،کرب کا میدان بھی اور با ضمیر بھی،انہی امراض کا نتیجہ آپ کی تحریریں بھی ہیںمگر۔۔۔۔۔۔۔!!!آپ کیوں نہیں سمجھتے ؟بھینسوں کے آگے بین بجانے سے کیا حاصل؟برسوں سے لکھنے کا مرض پال رکھا ہے آپ نے ،بے شمار مضامین اور کتابیں بھی لکھ ڈالیں،لوگوں کو بے کل کیا اور خود بھی ہوئے،قلم کو دن میں چین آیا نہ رات کو۔۔۔۔۔۔مگر اونٹ نہ اِس کروٹ بیٹھا نہ اس کروٹ۔

میرا مشورہ اب تو مان لیں!چھوڑیئے،اب الفاظ کے زہر نے اپنا کام کرنا چھوڑ دیا ہے۔آپ کچھ بھی کہیں ،بے ضمیروں پر اثر نہیں ہوتااور با ضمیر وںپر اثر کا کیا فائدہ!میرا یہ سچ آپ کو بھی کڑوا لگے گا ورنہ کوئی تو بدلا ہوتا۔کیا کہا ’’بدلا ہے‘‘!دن یا رات کا موسم یا نظام؟انسانوں کو بدلئے ناں۔۔۔۔۔۔ہاں یہ بھی سچ کہا !بھلا انسان ہیں کہاں؟ورنہ خالد بن ولید سے لیکر محمد بن قاسم تک انسان ہی تو تھے۔ہاں آدمیوں کی بھیڑ ضرور ہے کہ دم لینا یہاں محال ہو رہا ہے!بھیڑ بھی ہے اورمرے ہوئے ضمیروں کی لاشوں کا تعفن بھی!اب اسی تعفن سے مزید اموات کا سلسلہ چل نکلا ہے۔

آدمیوں کی بھیڑ سے انسانوں کی تلاش؟کیا خوب ہیں آپ!نمک کی کان سے مٹھاس کی تلاش کر رہے ہیں!!!ہاں آپ اور دوسرے اہل قلم جو بے چین روحوں کی مانند ہیں وہ بھی تو پورے انسان نہیں آدھے ضرور ہیں۔پوار انسان توعافیہ صدیقی کو کہتے ہیں جس نے قلم کی بجائے تلوار کو اپنے ہاتھوں کی زینت بنایا۔ہاں وہی عافیہ صدیقی جس کیلئے آپ کے کئی مضامین نے ہم کو ہلکان کر دیا ،خود بھی بے چین رہے اور ہم سب کو بھی رلاتے رہے،جانتے ہیں ناں آپ!

اس پتلی دھان پان کی لڑکی کو یہ پیغام بھیجنا مت بھولئے کہ اب محمد بن قاسم کا خواب دیکھنا چھوڑ دے۔عافیہ صدیقی کو یہ پیغام بھی ضرور دیں کہ جب قصر سفید کے گھمنڈ ی فرعون کی جیل سے تمہاری روح کو اپنے جسم سے رہائی ملے تو اس مْردوں کی زمین پر مت آنا،ہاں یہی پاکستان جو اب مْردوں کی زمین ہے۔کیا کریں گی یہاں آکر؟وہ زندہ لاش ہی سہی‘مگر یہ تو خود مْردوں کی بستی ہے ۔۔۔۔ہم انہیں وہ ماہ و سال ‘زندگی کی وہ بہاریں‘جو انہوں نے سسکتے بلکتے ہوئے تنہا گزار دیں‘کہاں سے لا کر دیں گے؟خدارا! آپ وہاں سے آزاد ہوتے ہی روح کو بھی آزاد کروالیجئے گا!!!

مجھے رنگینی صحن چمن  سے خوف آتا ہے       یہی ایام تھے جب لٹ گئی تھی زندگی اپنی

پچھلی ایک دہائی سے ہم پاکستانی اپنے پاکستان کو کیا تحفہ دیتے  چلے آرہے ہیں ؟کبھی جامعہ حفضہ کی مسخ شدہ لاشیں‘کبھی وزیرستان اور باجوڑ میںڈرون حملوں میں مارے جانے والے بے گناہوں کی لاشیں۔اس دفعہ کا تحفہ تو اور بھی نایاب دینے کی تیاریا ںہورہی ہیں،پاکستان کی تقدیر سے عجیب کھلواڑکرنے جارہے ہیں۔صرف اگلے انتخاب میں جیتنے کیلئے ملک میں نئے صوبے بنانے کی دوڑ میںایک دوسرے کونیچا دکھانے کیلئے سر پٹ بھاگ رہے ہیں،یہ سوچے بغیرکہ اس کے پیچھے نادیدہ قوتوں (بھارت)کے کیا خوفناک عزائم ہیں۔موجودہ حکومت نے کالا باغ ڈیم کے منصوبے کو ہمیشہ کیلئے دفن کرکے ان نادیدہ قوتوں کوتوخوش کردیاجوکالا باغ ڈیم کی مخالفت کیلئے ہر سال کروڑوں روپے محض اس لئے بانٹ رہے تھے کہ پاکستان کو صحرامیں تبدیل کرکے خاکم بدہن تباہ کردیا جائے۔ پنجاب جس کو پہلے ہی اپنے حصے کا پانی پورا نہیں مل رہااب مزید تقسیم کرکے باقی ماندہ پانی سے بھی محروم کرنے کے خوفناک منصوبے پر عملی جامہ پہنایاجاسکے گا۔بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ سے پنجاب کی ساری انڈسٹری تو پہلے ہی تباہ کردی ہے اب اس کی زراعت کو بھی تباہ برباد کریاجائیگا۔ ۔ ۔ ۔ بتائیں ناں کیسا لگا‘کیسا لگا یہ تحفہ؟

ضمیر بحال نہ سہی‘تا حال آپ کا قلم تو بحال ہے‘اسی کے کرتب دکھائیں‘شاید عوام اسی سے بہل جائیںاور چپ چاپ مہنگائی‘ناانصافی اور عریانی و فحاشی کے سیلاب میں ڈوب جائیں۔۔۔۔۔بے فکر رہیں بڑا اجر و ثواب ملے گا اس کا ۔۔۔۔۱۱۱‘‘

                                                           فقط آپ کا خوابیدہ ضمیر

آنکھ کھلی تو پسینے سے شرابور کانپتا جسم دیکھ کر بھی یقین نہیں آرہا کہ یہ خواب تھا۔کس قدر حقیقت کے قریب تھا!

گردش دہر ہی کیا کم تھی جلانے کو          تو بھی آ پہنچا ہے دہکتے ہوئے رخسار کے ساتھ

’’بہت سادہ ہو تم !میں کہاں سے با ضمیر ہو گیا ہوں ‘کہاں کی بے چینی اور بے کلی‘کون سا کرب!میں تو ایلیٹ کلاس سے ہوں‘مزے اڑا رہا ہوں‘دنیا کی تمام آسائشوںسے لطف اندوز ہورہاہوں۔کبھی ایک لمحے کیلئے بھی ایسے کسی کرب سے نہیں گزرا جس سے تم ہرروز وطن عزیز پاکستان میں گزرتے ہو۔ہاں ! یہ تم نے صحیح کہا ‘الفاظ کی بازی گری آتی ہے مجھے اور میں مداری کی طرح قلم سے ہر روز کرتب دکھاتا ہوں۔اور ہاں!مجھ میں تو خود آگ نہیں تو پھر میرے الفاظ میں کہاں سے آگئی یہ آگ!

بہر حال آئینہ دکھانے پر تم بڑ ے خوش نظر آرہے ہو ‘میں بھی تمہارا بڑا مشکور ہوں’’بہادر ہمیشہ با وقار موت کا سامنا کرتے ہیں‘‘اور میں کہاں سے با وقار ہو گیا۔ہاں !میں نے کہیں یہ ضرور پڑھا تھا کہ :جوگی کسی کو اپنے ساتھ چلنے پر مجبور نہیں کرتے‘وہ صرف خواہشات دریافت کرتے ہیں ‘کسی کو محل بنانے کی خواہش ہو تو منع نہیں کرتے۔اپنے اگلے پھیرے میں بھی صرف خواہش جاننا چا ہتے ہیں ‘کسی بھی خواہش کا اظہار کیا جائے تو کامیابی اور خوش رہنے کی دعائیں دیکر اپنا راستہ لیتے ہیں‘لیکن اگر کوئی ان کا دامن تھام کر خود ہی چیخ چیخ کر کہے کہ میری ساری خواہشیں تو پوری ہو گئیںمگر میں اب بھی بے چین ہوں ‘پہلے سے کہیں زیادہ مضطرب!۔۔۔۔۔۔تو اسے سکون کا راستہ دکھا دیتے ہیں۔

میں کہا ں جاؤں؟میں کیا کروں؟کائنات لا محدود ہے۔میں یہاں لمحے بھر کوچمکنے کے بعد بجھنے والا ہوں ‘اب میں کچھ کرنا چاہتا ہوںلیکن ۔۔۔۔۔۔۔۔اس طرف سے زمین کھود کر ادھر نکل جاؤں‘اس طرف سے کھود کر واپس اس طرف نکل آؤں۔۔۔۔۔۔اپنی موجودہ حالت سے نجات ممکن نہیں۔اگر واقعی نجات چاہتے ہیں توان سیاسی مداریوں سے نجات حاصل کرناہوگی‘‘

About admin

Check Also

یہ دن دورنہیں

امریکہ نے پاکستان کی سرزمین پر پہلاڈرون حملہ ۱۸جون ۲۰۰۴ء کوکیا۔ یہ حملے قصر سفیدکے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *